واشنگٹن: پیر کی خبروں کے مطابق، امریکی صدر باراک اوباما جلد ہی کیرولین کینیڈی، جو قتل ہونے والے صدر جان ایف کینیڈی کی بیٹی ہیں، کو جاپان میں سفیر کے اہم ترین عہدے پر نامزد کرنے والے ہیں۔
ٹوکیو کی اہم پوسٹ کے لیے 55 سالہ کینیڈی کے انتخاب کے حوالے سے افواہیں ایک عرصے سے گردش میں ہیں۔ یاد رہے وہ اوباما کی صدارتی مہم کے آغاز اور ڈیموکریٹک امیدوار کی پوزیشن کے لیے ہیلری کلنٹن کو شکست دینے سے قبل ان کی 2008 کی پرائمری مہم میں اولین سپورٹر تھیں۔
تاہم پیر کو افواہیں دوبارہ گرم ہو گئیں جب واشنگٹن پوسٹ اور نیو یارک ٹائمز میں خبریں سامنے آئیں کہ اس تعیناتی کے لیے ان کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔
کینیڈی ایک پرانی روایت کا حصہ بنیں گی جس کے تحت امریکی صدور اہم امریکی اتحادی جاپان کے لیے معروف سفیر نامزد کرتے ہیں، جن میں سابق نائب صدر والٹر مونڈالے اور سابق سینیٹر مائک مینز فیلڈ اور ہاورڈ بیکر بھی شامل رہ چکے ہیں۔
تاہم وہ بڑے سفارتی اندیشوں کے دوران بھی یہ عہدہ سنبھال رہی ہیں، جب شمالی کوریا امریکہ اور اس کے کلیدی علاقائی شراکت داروں کو شدید قسم کی فوجی دھمکیاں دے رہا ہے۔