ٹوکیو: جیروئیمون کیمورا، جو تاریخ میں درج شدہ بوڑھا ترین شخص ہے، نے جمعے کو جاپان کے وزیرِ اعظم کے ایک پیغام کے ہمراہ اپنی 116 سالگرہ منائی جبکہ وزارتِ صحت کے اہلکاروں نے ایک تحقیق کا آغاز کیا کہ اس کا آبائی قصبہ اتنے صد سالے کیوں پیدا کرتا ہے۔
یہ کیمورا کے لیے ایک مصروف دن تھا، جس نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا جن میں کیوتانگو شہر کا مئیر اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے اہلکار بھی شامل تھے۔
وزیرِ اعظم شینزو ایبے نے اس سنگِ میل کے موقع پر پہلے سے ریکارڈ شدہ ایک ویڈیو پیغام میں کہا، “آپ ہمیں فخر اور جاپان کے لوگوں کو اعتماد دیتے ہیں”۔
مئیر یاسوشی ناکائیما نے بھی کیمورا کو 116 سال کی عمر کو پہنچنے پر مبارکباد پیش کی، جس نے اسے دنیا کا معمر ترین اور ریکارڈ میں موجود سب سے لمبی عمر پانے والا شخص بنا دیا ہے۔
کیمورا کے سات بچے، 14 پوتے، پوتیاں، 25 پڑپوتے پڑپوتیاں اور 14 لکڑ پوتے لکڑ پوتیاں تھے، اور وہ قریباً 40 برس تک ایک ڈاکخانے میں کام کرتا رہا۔