واشنگٹن: ایشیا پیسفک میں مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات کرنیوالے گیارہ ممالک بظاہر جاپان کو بات چیت میں داخلے کی باضابطہ اجازت دینے کے قریب ہیں؛ یہ بات سفارتی اور صنعتی ذرائع نے بتائی۔
ٹرانس پیسفک پارٹنر شپ (ٹی پی پی) مذاکرات میں حصہ لینے والے 11 ممالک کے اعلی تجارتی اہلکار ایشیا پیسفک اقتصادی تعاون (اپیک) کے وزرائے تجارت کے سالانہ اجلاس سے قبل جمعہ کو سورابایا، انڈونیشیا میں ملاقات کر رہے ہیں۔ پہلے ہی تین برس تک پرانے ان مذاکرات میں جاپان کی شمولیت کی اجازت کے لیے 11 کے گیارہ ٹی پی پی ممالک کا متفق ہونا ضروری ہے۔
ایک امریکی صنعتی اہلکار نے معاملے پر کھلے عام بات کرنے کی پابندی کی وجہ سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا، اس کے خیال میں ٹی پی پی ممالک جمعہ کو ایک بیان جاری کریں گے جس میں جاپان کو مذاکرات میں خوش آمدید کہا جائے گا۔
اس وقت ٹی پی پی مذاکرات میں شامل 11 ممالک امریکہ، میکسیکو، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، چلی، پیرو، سنگاپور، ویتنام، ملائیشیا اور برونائی ہیں۔