ٹوکیو: کابینہ کے ایک وزیر نے اتوار کو ٹوکیو کے متنازع یاسوکونی جنگی مزار کا دورہ کیا جبکہ وزیرِ اعظم شینزو ایبے نے رسومات میں استعمال ہونے والا سامان وقف کیا، ایسے اقدامات جو چین اور جنوبی کوریا کو مشتعل کر سکتے ہیں۔
یاسوکونی مزار، جو جو جنگِ عظیم کے 25 لاکھ مرنے والے فوجیوں –بشمول 14 مرکزی جنگی مجرموں– کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، کو جاپان کے ایشیائی پڑوسی ٹوکیو کے سامراجی ماضی کی علامت سمجھتے ہیں۔
وزیر کے ایک سیکرٹری اور مزار کے اہلکاروں کے مطابق، کیجی فورویا، جو نیشنل پبلک سیفٹی کمیشن کے سربراہ ہیں، نے یاسوکونی کے سالانہ بہاریہ میلے کے آغاز پر اس کا دورہ کیا۔ فورویا شمالی کوریا کے ہاتھوں اغوا شدہ جاپانی شہریوں کے معاملے سے نپٹنے کے لیے انچارج وزیر بھی ہیں۔
یاد رہے کہ ایبے نے بھی دسمبر میں بطور وزیرِ اعظم عہدہ سنبھالنے سے قبل پچھلے سال اپوزیشن لیڈر کے طور پر مزار کا دورہ کیا تھا، جس نے چینی سرکاری میڈیا کی تنقید کو دعوت دی۔