بیجنگ: چین نے جمعرات کو کہا کہ “اشتعال انگیز اقدامات” اسے اپنے علاقے کا دفاع کرنے سے باز نہیں رکھ سکیں گے، جب جاپان نے تصدیق کی کہ وہ امریکہ کے ساتھ فوجی مشقیں سر انجام دے گا جبکہ متنازع جزائر پر بیجنگ اور ٹوکیو میں کشیدگی جاری ہے۔
جاپان کی کیودو نیوز ایجنسی کے مطابق، جاپان نے کہا کہ جون میں کیلی فورنیا کے نزدیک ہونے والی مشترکہ مشقوں میں ایک الگ تھلگ جزیرے پر دوبارہ قبضہ شامل ہے تاہم یہ کسی مخصوص ملک کے حوالے سے حالات کے لیے تیار نہیں کی گئیں۔
چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان خاتون ہوآ چونینگ نے کہا “غیر ملکی دباؤ” چین کو مشرقی بحر چین میں اپنی علاقائی خودمختاری کے تحفظ سے باز نہیں رکھ سکتا۔
ایک معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران جب مشقوں کے بارے میں پوچھا گیا تو ہوآ نے کہا، “کسی بھی ملتے جلتے اشتعال انگیز اقدام کے لیے چینی حکومت پر عزم ردعمل برقرار رکھے گی”۔
“ہم نے دیاؤیو جزائر سے متعلق معاملات کے لیے ہمیشہ ایک جیسا موقف اپنائے رکھا ہے: دو طرفہ مکالمے اور مذاکرات کے ذریعے متعلقہ معاملات کو مناسب انداز میں حل کیا جائے، منظم کیا جائے اور کنٹرول کیا جائے”۔