ٹوکیو: وزیرِ اعظم شینزو ایبے نے بدھ کو کہا انہیں یقین ہے کہ شمالی کوریا کے نوجوان لیڈر مغوی جاپانی شہریوں کا تنازع حل کرنے کے لیے صحیح فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور اپنے بیان کا اعادہ کیا کہ وہ اس تنازع کو حل کرنے کے لیے سربراہ ملاقات پر راضی ہیں۔
ایبے نے ان خیالات کا اظہار ایک ٹی وی انٹرویو میں کیا جب دو ہفتے قبل ان کے معاون ایساؤ ای جیما نے پیانگ یانگ کا اچانک دورہ کیا تھا۔ اس دورے نے جنوبی کوریا اور امریکہ کو پریشان کر کر دیا، جن دونوں کا خدشہ تھا کہ ٹوکیو شمالی کوریا کے ایٹمی اور میزائل پروگراموں کو زیرِ غور لائے بغیر مغویوں کے معاملے پر معاہدہ کر سکتا ہے۔
شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات جاپان کے 1910 تا 1945 جزیرہ نما کوریا پر قبضے، پیانگ یانگ کے میزائل اور ایٹمی پروگراموں اور عشروں قبل شمالی کوریائی ایجنٹوں کے ہاتھوں جاپانی شہریوں کے اغوا پر جاپانی غصے کی وجہ سے سرد مہری و تناؤ کا شکار رہے ہیں۔