واشنگٹن: جاپان نے گندم کی کچھ امریکی درآمدات پر پابندی لگا دی ہے جب ایک امریکی فارم پر جینیاتی طور پر انجینئر شدہ گندم کے دانے پائے گئے تھے۔
محکمہ زراعت نے بدھ کو تبدیل شدہ گندم کی دریافت کا اعلان کیا۔ امریکہ میں زراعت کے لیے جینیاتی طور پر انجینئر شدہ گندم کی کسی قسم کی اجازت نہیں دی گئی۔
محکمہ زراعت نے کہا کہ جینیاتی طور پر انجینئر شدہ گندم کھانے کے لیے محفوظ ہے اور اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ تبدیل شدہ گندم منڈی میں داخل ہوئی ہے۔
تبدیلی شدہ گندم اس وقت دریافت ہوئی جب مشرقی اوریگون کے گندم کے فارم میں کچھ کھیت مزدور موسم ختم ہونے کے بعد کھیت صاف کر رہے تھے اور انہیں گندم کا جھنڈ دکھائی دیا جو وہاں سے تعلق نہیں رکھتی تھی۔
چند ہفتے بعد ریاست اوریگون کے سائنسدانوں نے ایک حیران کن دریافت کی: یہ گندم جینیاتی طور پر تبدیل شدہ تھی، جو امریکی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے۔
ریاست اوریگون کے گندم کے کسان باب زیمرٹا نے کہا، “یہ عام گندم جیسی لگتی تھی”۔ انہوں نے کہا گندم کی فروخت میں کمی سے ایداہو اور واشنگٹن کے ساتھ ساتھ اوریگون میں کسان متاثر ہوں گے، چونکہ گندم آپس میں مل چکی ہے۔ (جینیاتی طور پر تبدیل شدہ فصلیں عموماً ایسی فصلیں ہوتی ہیں جن میں کسی خاص بیماری کے خلاف مصنوعی طریقے سے مزاحمت پیدا کی گئی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ان میں پیداوار بڑھانے کے خواص بھی شامل کیے جاتے ہیں۔ کیڑوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والی کپاس جینیاتی طور پر انجینئر شدہ فصل کی مثال ہے۔ ابھی ایسی فصلوں کے صحت پر جائزے واضح نہیں ہیں لیکن ماہرین میں خدشہ پایا جاتا ہے کہ مصنوعی طور پر تبدیل شدہ فصلیں ماحول میں تباہ کن تبدیلیاں پیدا کرسکتی ہیں جن کا شاید ہمیں بہت دیر بعد جا کر احساس ہو۔ چونکہ ایک خاصیت پیدا کرنے سے ضمنی اثرات بھی پیدا ہوتے ہیں جس کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔)