لاس اینجلس: سونی نے پیر کو اپنے نئے پلے اسٹیشن 4 کے بارے میں دنیا کو پہلی آگہی فراہم کی، اور اپنی فلم، موسیقی، ٹیلی وژن اور گیم کی طاقتوں کو گھریلو تفریح کے طاقتور باکس میں اکٹھا کرنے کا وعدہ کیا۔
سونی کمپیوٹر اینٹرٹینمنٹ کے صدر اینڈریو ہاؤس نے خوبیاں بیان کرتے ہوئے اگلی نسل کے ویڈیو گیم کنسولز کو مستقبل کے لیے تعمیر کردہ قرار دیا، اور اس کے ساتھ ہی کہا کہ کمپنی نئے کنسول کے پیش رو یعنی پلے اسٹیشن 3 کے ساتھ بھی وفادار رہے گی۔
ہاؤس نے ویڈیو گیمز کے خاص و الخاص میلے ای تھری کی شام ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا، “یہ بالکل نیا پلیٹ فارم ہے، اور بہت سے اعتبار سے یہ ایک بالکل نئے پلے اسٹیشن کی نمائندگی کرتا ہے”۔
پی ایس 4 کے لیے فلموں، موسیقی اور دیگر چیزوں کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر بیان کرنے کے بعد، جاپان سے تعلق رکھنے والے تفریحی دیو نے ان گیمز پر روشنی ڈالی جو گیم شائقین کے لیے اسٹور کی شیلفوں پر موجود ہیں۔
سونی حال ہی میں خریدی گئی کلاؤڈ گیمنگ کمپنی گائیکائی کی ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے اگلے برس ایک سروس شروع کر ے گا جو لوگوں کو پی ایس 3 یا پی ایس 4 کی بلاک بسٹر گیمز انٹرنیٹ “کلاؤڈ” پر حقیقی وقت میں کھیلنے کی سہولت دے گی۔ (کلاؤڈ بیسڈ سروسز یا خدمات ایسی خدمات ہوتی ہیں جن میں صارف انٹرنیٹ کے ذریعے ایک مرکزی کمپیوٹر یا کمپیوٹروں پر مشتمل ڈیٹا سنٹر سے منسلک ہوتا ہے۔ صارف کی معلومات اس کمپیوٹر یا کمپیوٹروں میں محفوظ ہوتی ہیں اور وہ دنیا میں کہیں سے بھی، کوئی بھی آلہ استعمال کرتے ہوئے ان معلومات تک رسائی حاصل کر سکتا ہے چنانچہ اسے کلاؤڈ یا بادل کا علامتی نام دیا گیا ہے جو دور سے بھی نظروں کی رسائی میں ہوتے ہیں۔ گیمز کے حوالے سے کلاؤڈ خدمات میں آنلائن گیم کھیلنے کی سہولت ہے۔ چنانچہ پوری دنیا سے سینکڑوں کھلاڑی بیک وقت ایک ہی گیم کھیل سکتے ہیں، بالکل ایک میچ کی طرح جس میں ہر کھلاڑی مجازی طور پر موجود ہو گا۔)