ٹوکیو: جمعہ کو ٹوکیو کی ایک بڑی کھلونا نمائش میں اسمارٹ فون کے پرزوں سے بنا ایک کھلونا ہیلی کاپٹر سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا، جہاں پروڈیوسروں کا ہدف بچے اور ‘دل کے بچے’ تھے۔
ٹیلی فون میں تھرتھراہٹ پیدا کرنے والی موٹر اس نینو فالکن کے روٹر کے بلیڈوں کو طاقت مہیا کرتی ہے، جو اس کے بنانیوالے کے مطابق دنیا کا سب سے چھوٹا ریڈیو کنٹرولڈ ہیلی کاپٹر ہے۔
میکر سی سی پی کے سیلز ہیڈ ناؤکی ناکاگاوا نے کہا، “جاپان کی عمر رسیدہ ہوتی آبادی نے ہمیں بالغوں کے لیے کھلونے تیار کرنے کا سوچنے پر مجبور کیا”۔
نمائش میں دوسری جگہوں پر کھلونا ساز ٹیبلٹ کمپیوٹروں کی نمائش کر رہے تھے جو خصوصی طور پر چھوٹے بچوں کے لیے تیار کیے گئے تھے۔
بڑے جاپانی کھلونا ساز باندائی نامکو ہولڈنگز کی ایک ذیلی کمپنی میگا ہاؤس کی ترجمان خاتون یوکی ایتاگاکی نے کہا، “بچے بالغوں کی نقل کرنا پسند کرتے ہیں، اور ایک سروے نے کہا کہ 90 فیصد ٹیبلٹ کمپیوٹر صارفین اپنے بچوں کو اپنے ٹیبلٹ استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہیں”۔