ٹوکیو: 23 جون کو ٹوکیو میٹروپولیٹن اسمبلی کے انتخابات کے لیے انتخابی مہم جمعہ سے شروع ہو گئی جس میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنما اپنی پالیسیوں بارے وضاحت کے لیے گلیوں میں پہنچ گئے ہیں۔
یہ انتخاب، جس میں 253 امیدوار 127 نشستوں کے لیے آمنے سامنے ہیں، 21 جولائی کے ایوانِ بالا کے انتخابات کا نقیب اور اس بات کا اشارہ سمجھا جا رہا ہے کہ وزیرِ اعظم شینزو ایبے کی چھ ماہ پرانی حکومت نے کتنی اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔
253 امیدواروں میں سے حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) 57 کی حمایت کر رہی ہے، ایل ڈی پی کی اتحادی 23 کی پشت پناہی کر رہی ہے، جب کہ مرکزی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان (ڈی پی جے) 44 امیدواروں اور جاپان ریسٹوریشن پارٹی 34 کی حمایت کر رہی ہیں۔
پچھلی مرتبہ ایوانِ بالا کے انتخابات کے ساتھ ٹوکیو میٹروپولیٹن اسمبلی کے انتخابات 2001 میں منعقد ہوئے تھے جب جونی چیرو کوئیزومی وزیرِ اعظم بنے۔