نیو یارک: امریکی سیٹلائیٹ ٹیلی وژن مہیا کار ڈش نیٹ ورک نے منگل کو کہا کہ اس نے اسپرنٹ نیکسٹل کے لیے نظرِ ثانی شدہ بولی جمع کروانے کا منصوبہ ترک کر دیا ہے، جس سے جاپان کے سافٹ بینک کی حریف پیشکش کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔
ڈش نے کہا وہ اسپرنٹ کے ساتھ ادغام میں اب بھی “تزویراتی قدر” دیکھتا ہے تاہم وہ اسپرنٹ کی جانب سے تجزیہ و تحقیق کے خاتمے کے فیصلے اور سافٹ بینک کی پیشکش قبول کرنے کے بعد منگل کی ڈیڈ لائن تک نظرِ ثانی شدہ پیشکش جمع نہیں کروائے گا۔
اس نے مزید کہا، “ہم اسپرنٹ کے حوالے سے اپنے انتخابات پر غور کریں گے، اور کلئیر وائر ٹینڈر آفر کو مکمل کرنے کے لیے اپنی کوششیں اور ذرائع مرکوز کریں گے”۔
اس اقدام نے سافٹ بینک کی جانب سے اسپرنٹ کے ساتھ ادغام کی بولی کے لیے راستہ صاف کر دیا ہے جو تیسرے بڑے امریکی موبائل کیرئیر کا 78 فیصد حصہ خریدنے کا خواہشمند ہے۔
21.6 ارب ڈالر کے ساتھ یہ معاہدہ کسی جاپانی فرم کی جانب سے سب سے بڑی سمندر پار خریداری ہو گا۔