اوساکا: اوساکا کے مئیر تورو ہاشیموتو نے بدھ کی رات کہا کہ اگر پارٹی نے ٹوکیو میٹروپولیٹن اسمبلی کے انتخاب میں بری کارکردگی دکھائی تو وہ نیپون اِشِن نو کائی (جاپان ریسٹوریشن پارٹی) کے شریک سربراہ کے طور پر استعفے دے سکتے ہیں۔
ٹی وی آساہی کے مطابق، ہاشیموتو نے ایک پریس کانفرنس میں رپورٹروں کو بتایا، “اگر ہم سپورٹ حاصل نہیں کرتے، تو میں شریک سربراہ کے طور پر کام جاری نہیں رکھ سکوں گا”، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ بری انتخابی کارکردگی سے کیا مراد ہے۔
جاپان ریسٹوریشن پارٹی کے لیے عوامی سپورٹ پچھلے ماہ ڈرامائی طور پر گر گئی تھی جب ہاشیموتو نے زمانہ جنگ میں جاپان میں جنسی غلامی کی صنعت بارے متنازعہ خیالات کا اظہار کیا تھا، جنہوں نے وطن اور بیرونِ ملک ہر دو جگہ سے سخت تنقید کو دعوت دی۔ الیکشن بورڈ نے انکشاف کیا ہے کہ جاپان ریسٹوریشن پارٹی انتخاب میں 34 امیدوار کھڑے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی 59 امیدوار کھڑے کرے گی، ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان 44، اور جاپان کمیونسٹ پارٹی 44 امیدوار کھڑے کریں گی۔