سڈنی: دنیا کی سب سے بڑی کان کن کمپنی بی ایچ پی بیلیٹن نے جمعے کو کہا کہ اس نے آسٹریلیا میں اپنی کلیدی لوہے کی کانوں میں سے ایک کا 15 فیصد حصہ 1.5 ارب ڈالر کے عوض دو جاپانی کارپوریشنوں کو بیچ دیا ہے۔
ایتوچو کارپوریشن نے 800 ملین ڈالر کے عوض مغربی آسٹریلیا کے قدرتی وسائل سے مالا مال علاقے پِلبارا میں جمبلے بار کان کا آٹھ فیصد حصہ خریدنے کی حامی بھری، جبکہ متسوئی سات فیصد حصے کے لیے 700 ملین ڈالر ادا کرے گی۔
ایتوچو اور متسوئی پہلے ہی علاقے میں بی ایچ پی کے کان کنی، ریلوے اور بندرگاہی انفراسٹرکچر کے 15 فیصد حصے کی مشترکہ مالک ہیں۔