پیرس: حیاتی ٹیکنالوجی کے جاپانی ماہرین نے پیر کو کہا انہوں نے گہری تر جڑوں والا ایک چاول کا پودا تیار کیا ہے جو دھان کی روایتی فصل کا صفایا کرنے والی قحط سالی میں زیادہ پیداوار دے سکتا ہے۔
یہ دو برس سے بھی کم عرصے میں اناج کی نئی اقسام کے حوالے سے تیسرا برک تھرو ہے، جس سے ایک ایسے وقت میں دنیا کی بڑھتی ہوئی آبادی کا پیٹ بھرنے کی جد و جہد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلی بدتر ہو رہی ہے۔
نیچر جنیٹکس نامی جرنل میں لکھتے ہوئے یوساکو اوگا، جو تسوکوبا میں قومی ادارہ برائے زرعی حیاتی سائنس سے تعلق رکھتے ہیں، کی سربراہی میں ٹیم نے بیان کیا کہ کس طرح انہوں نے فلپائن کے خشک بالائی علاقوں میں اگائے جانے والے ایک چاول میں حیرت انگیز جین دریافت کی۔
اس کی جین، جسے گہری جڑوں والی DR01 جین کا نام دیا گیا، کو IR64 نامی اگائی جانے والی قسم میں ڈالا گیا، جو ایشیا میں اگایا جانے والا دھان کا عام پودا ہے۔
ٹیم نے پھر اس پودے کو کامیابی سے اگنے کے مراحل سے گزارا، اور اسے اور معیاری IR64 نوع کو بالائی کھیتوں میں تین اقسام کی صورتوں میں کاشت کیا — کوئی قحط سالی نہیں، درمیانی قحط سالی اور شدید قحط سالی۔
درمیانی قحط سالی نے قحط سالی کے بغیر حالت کے مقابلے میں IR64 کی پیداوار 42 فیصد تک کم کردی۔ شدید قحط سالی نے اسے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ تاہم شدید قحط سالی سے (تبدیل شدہ قسم کی) پیداوار میں کمی ہوئی، لیکن تباہ کن نہیں بلکہ صرف 30 فیصد کے اریب قریب۔