ٹوکیو: جاپانی حکومت اگلے ہفتے برونائی میں امریکی قیادت میں ٹرانس پیسفک پارٹنرشپ (ٹی پی پی) آزاد تجارتی معاہدے کے سلسلے میں مذاکرات کے 19 ویں دور کے لیے 100 رکنی وفد بھیجے گی۔
یہ مذاکرات 22 تا 30 اگست تک منعقد کیے جائیں گے۔
جاپان، جو باہر سے مذاکرات کا مشاہدہ کرتا رہا ہے، نے دسمبر میں وزیرِ اعظم شینزو ایبے کے اقتدار میں واپس آنے کے بعد ہی ان مذاکرات میں شمولیت کی حامی بھری۔
ٹی پی پی مذاکرات کا مقصد ایک ایسا آزاد تجارتی معاہدہ تشکیل دینا ہے جو عالمی معیشت کے قریباً 40 فیصد حصے کو کور کرے۔
جاپان کی 128 ملین صارفین پر مشتمل منڈی غیر ملکی فرموں کے لیے ممکنہ طور پر ایک بڑا انعام ہے، جن میں سے کئی اس وقت شکایت کرتی ہیں کہ ٹوکیو –ٹیرف اور نان ٹیرف– رکاوٹیں کھڑی کر دیتا ہے جو ان کی مصنوعات کو شیلفوں تک پہنچنے سے روکتی ہیں۔