بیجنگ/ کاواساکی: فوجتسو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر لمیٹڈ اور فوجتسو لبیارٹریز لمیٹڈ نے ہاتھ سے لکھے حروف کی پہچان کے لیے انڈسٹری کی درست ترین ٹیکنالوجی تیار کی ہے جو انسانی دماغ کے طریقہ عمل کی نقل کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتی ہے۔
ہاتھ سے لکھے حروف پہچاننے کی روایتی ٹیکنالوجی حرف کی لکیروں (اسٹروکس) کی تعداد اور زاویے دیکھ کر حرف پہچاننے کی کوشش کرتی ہے۔ تاہم انتہائی آڑھے ٹیڑھے انداز میں لکھے گئے حروف کبھی اس طریقے سے پہچانے نہیں جا سکتے، اور پہچاننے کی درستگی میں اضافے کے لیے حرف کو “سیکھنا” پڑتا ہے جس پر وقت لگتا ہے۔ یہ نئی ٹیکنالوجی حرف کی خصوصیات کو پہچاننے میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتی ہے، بالکل جیسے انسانی ذہن کام کرتا ہے، اور تیزی سے اور زیادہ تفصیل سے سیکھتی ہے۔ اس سے حرف سیکھنے کا وقت 17 گنا کم ہو جاتا ہے جبکہ 94.8 فیصد پہچان کی درستگی حاصل ہوتی ہے۔
یہ ٹیکنالوجی لکھے ہوئے چینی حروف پہچاننے کے ایک حالیہ مقابلے میں پہلے نمبر پر آئی ہے، جس کے نتائج دستاویزات کی تصویری عمل کاری کے سلسلے میں دنیا کی سب سے بڑی عالمی کانفرنس “عالمی کانفرنس برائے دستاویزی تجزیہ و پہچان” (آئی سی ڈار 2013) میں پیش کیے جائیں گے جو 25 اگست کو واشنگٹن، ڈی سی میں شروع ہو رہی ہے۔
فوجتسو نے کہا یہ ٹیکنالوجی ہاتھ سے لکھے متن کو ڈیجیٹلائز کرنے کے حوالے سے ڈیٹا انٹری کی کارکردگی میں بہت زیادہ اضافے کا وعدہ کرتی ہے۔