ٹوکیو: بینک آف جاپان اس ہفتے ایک پالیسی اجلاس کے دوران دنیا کی تیسری بڑی معیشت کی بحالی کا اعلان موخر کر سکتا ہے جیسا کہ وہ ابھرتی ہوئی منڈیوں میں سست ہوتی شرح نمو اور سرمایہ باہر جانے کی سرگرمی کے ضمنی اثرات کا انتظار کر رہا ہے۔
وطن میں روشن تر ہوتے معاشی اشاریوں پر شام میں جغرافیائی و سیاسی خطرات اور امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے جلد ہی زری محرک کی پالیسی کی کانٹ چھانٹ کے خدشات کی وجہ سے کچھ ابھرتی ہوئی منڈیوں سے سرمائے کے انخلاء نے گہرے سائے ڈال دئیے ہیں۔
بینک آف جاپان کے بورڈ ممبر یوشی ہیستا موریموتو نے پچھلے ہفتے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں سے سرمائے کے بڑے پیمانے پر انخلاء کے خطرات پر بات کرتے ہوئے کہا، “عالمی معاشی بحالی ابھی تک نازک ہے، چنانچہ اس بات پر بہت بڑی غیر یقینی کیفیت موجود ہے کہ فنڈز کا انخلاء مالیاتی منڈیوں اور عالمی بڑھوتری پر کیا اثر ڈالے گا”۔
بی او جے کے اہلکار مستحکم معیشت کے جڑیں پکڑنے کے اعلان سے قبل اجرتوں اور سرمایہ کارانہ اخراجات میں اضافے کی واضح علامات دیکھنا چاہتے ہیں۔