نیا نظام جو طبع شدہ مواد اور چیزوں کا حلیہ بدل دیتا ہے

ٹوکیو: واکایاما یونیورسٹی میں محققین ایک ایسا نظام تیار کر رہے ہیں جو طبع شدہ مواد کے رنگ، رنگ آمیزی (رنگوں کا تناسب جو آنکھوں کو بھلا لگے)، اور رنگوں کے تفاوت میں کمی بیشی کرتا ہے ،اور بصری معذوریوں کا شکار صارفین کی مدد کے لیے استعمال ہو سکتا ہے مثلاً ایسے لوگ جو کم نظری کے حامل ہوں یا رنگ کوری کا شکار ہوں۔

ایک ترجمان نے کہا، “اس تحقیق میں ہم ایک پروجیکٹر اور ایک کیمرہ استعمال کر کے طبع شدہ مواد پر روشنی ڈالتے ہیں اور اس طرح اس کی رنگ آمیزی اور رنگوں کے تفاوت کو آزادانہ طور پر تبدیل کر سکتے ہیں”۔

“امیج پروسیسنگ میں تبدیلی کر کے ہم رنگ آمیزی کو بھی تبدیل کر سکتے ہیں۔ ہم تصویر کو یک رنگی بھی بنا سکتے ہیں، اس کی چمک کو یکساں کر سکتے ہیں، یا رنگوں کے تفاوت میں اضافہ کر سکتے ہیں،” ترجمان نے کہا۔ “اگر طبع شدہ مواد کو حرکت بھی دی جائے، تو یہ نظام اس کا سراغ لگا سکتا ہے اور رنگوں کو نمایاں کر سکتا ہے۔”

اس کا ایک ممکنہ اطلاق ایسے نظام میں ہو سکتا ہے جو انسانی بینائی میں اضافہ کرنے کے قابل ہو۔ مثال کے طور پر، اگر ایک شخص رنگ کوری کا شکار ہے، تو یہ نظام رنگ آمیزی میں مطابقت پذیری پیدا کر سکتا ہے تاکہ رنگوں کو پہچاننا آسان ہو، باوجودیکہ رنگوں کے مجموعے گڈ مڈ کر دینے والے ہی کیوں نہ ہوں۔ (رنگ کوری یا رنگوں میں تمیز نہ کر سکنا مردوں کی ایک عام پیدائشی بیماری ہے۔ اس کے مریض مختلف رنگوں میں تمیز نہیں کر سکتے، شدید قسم کی بیماری میں رنگوں کی زیادہ تعداد میں تمیز نہیں کی جا سکتی حتی کہ ٹریفک اشارے بھی انہیں ایک ہی رنگ کے لگتے ہیں۔) یا اشیاء کے خاکوں کو نمایاں کر کے سفید موتیے کے شکار کسی شخص کی مدد کی جا سکتی ہے تاکہ وہ دوسرے افراد کے تاثرات دیکھ سکے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.