اقوامِ متحدہ: وزیرِ اعظم شینزو ایبے نے جمعرات کو وعدہ کیا کہ وہ وطن اور بیرونِ وطن خواتین کی حالتِ زار میں بہتری کے لیے کام کریں گے، جو قدامت پسند رہنما کی جانب سے لہجے میں تبدیلی کا غماز ہے۔
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ایبے مضبوط عالمی کردار کے جانے پہچانے جاپانی موضوع کی جانب واپس لوٹے اور شام کے لیے 60 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔
ایبے نے کہا، “میں جاپان کے اندر اور تنازعات والے علاقوں اور غربت کا شکار ممالک میں بھی ایک ایسے سماج کا خواہشمند ہوں جہاں خواتین ممتاز ہوں”۔
ایک بڑی تعداد میں تحقیقی مطالعات نے نتیجہ نکالا ہے کہ جاپان اپنی خواتین کو زیادہ مواقع فراہم کر کے اقتصادی نمو کی شرح بڑھا سکتا ہے، جنہیں بیشتر دوسری امیر اقوام کے برعکس کارپوریٹ اور سیاسی دنیا میں کم نمائندگی دی جاتی ہے۔
ایبے نے کہا، “ایک ایسے ماحول کی تخلیق جہاں خواتین کام کرنے میں آسانی محسوس کریں اور خواتین کے لیے کام کرنے کے مواقع اور سماج میں فعال کردار میں اضافہ کرنا اب جاپان کے لیے کوئی اختیاری معاملہ نہیں رہا”۔ “یہ اس کی بجائے انتہائی عجلت والا معاملہ بن گیا ہے۔”