ٹوکیو: وزارتِ ماحولیات نے صوبہ فوکوشیما کے دو قصبوں اوکوما اور ناراہا میں آلودہ فضلے کو ذخیرہ اور پروسیس کرنے کے لیے 10 عبوری مراکز کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
تباہ حال فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے اطراف میں واقع علاقے کو تابکاری سے پاک اور بحال کرنے کا کام 11 مارچ، 2011 سے زیادہ پیش رفت حاصل نہیں کر سکا چونکہ نہ ہی ڈی پی جے کی زیرِ قیادت پچھلی حکومت اور نہ ہی موجودہ حکومت جاپان بھر میں کسی جگہ آلودہ فضلے کو ذخیرہ کرنے کے لیے جگہ کے حصول میں کامیاب ہو سکی ہے۔ مذکورہ مراکز میں سے ایک کو آلودہ فضلے کو جلانے جبکہ دوسرے کو انتہائی زہریلا مواد ذخیرہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔
یہ مرکز، جس کی دیواریں کنکریٹ کی ہوں گی، داخلہ بند علاقے اور فوکوشیما صوبے کے اندر اور اطراف میں واقع دوسرے مقامات سے اکٹھی کی گئی آلودہ مٹی اور تابکار فضلے کے کنٹینر ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
یہ ملبہ اور فضلہ ابتدائی طور پر تین سال کے لیے کم مدتی ذخیرہ گاہوں میں ذخیرہ کیا جائے گا جبکہ اس کے بعد حکومت 30 سال تک انہیں محفوظ کرنے کے لیے بڑے ذخیرہ گھر تعمیر کرے گی۔