ٹوکیو: ہوائی کمپنی جاپان ائیر لائنز (جے اے ایل) کے مطابق، جاپان کو روانہ ہونے والے ایک 787 ڈریم لائنر طیارے کو اس وقت واپس روس لوٹنا پڑا جب طیارے پر بیت الخلاؤں کے فلش کام کرنا بند کر گئے۔
جے اے ایل کے ترجمان کے مطابق، 151 اراکینِ عملہ اور مسافروں کو لے جانے والا بوئنگ کا طیارہ بدھ کو رات گئے ماسکو سے ٹوکیو کے مشرق میں ناریتا ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہوا لیکن دو گھنٹوں کے بعد واپس لوٹ گیا۔
ماسکو اور ٹوکیو کے درمیان اوسط مدتِ پرواز 10 گھنٹے ہے۔
بوئنگ کا 787 ہلکا طیارہ –جس پر ایندھن کی بچت پر تعریف کے ڈونگرے برسائے جاتے ہیں لیکن برسوں پیداواری التواء کا شکار رہا ہے — کو جنوری میں عالمی طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا تھا جب دو مختلف طیاروں پر نصب لیتھیم آئن بیٹریاں حد سے زیادہ گرم ہو گئیں، اور ایک میں کھڑے کھڑے آگ لگ گئی۔ جے اے ایل نے بیٹریاں ٹھیک کرنے کے بعد ڈریم لائنر کی پروازیں دوبارہ شروع کی تھیں۔
دریں اثناء، جے اے ایل کا ایک اور بوئنگ 787 ڈریم لائنر، جو ٹوکیو آ رہا تھا، سان ڈیاگو کی جانب واپس موڑ دیا گیا چونکہ اس کے برف پگھلانے کے نظام میں مسئلہ آ گیا تھا۔