ٹوکیو: جاپان کے وزیرِ دفاع نے منگل کو کہا، بیجنگ ٹوکیو کے ساتھ متنازع جزائر پر جھگڑے میں امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، جبکہ چند ہی دن قبل بیجنگ اپنے ڈرون گرانے کی کسی بھی کوشش کو “اقدامِ جنگ” تصور کرنے کی دھمکی دے چکا ہے۔
ایتسونوری اونودیرا کے خیالات اغلباً ان خدشات کو مزید ہوا دیں گے کہ دونوں ممالک مشرقی بحر چین میں ٹاپوؤں پر جاری تنازع میں جنگ کی جانب جا رہے ہیں اور ایسے روز سامنے آئے ہیں جب چین نے اپنی ایٹمی آبدوزوں کے بیڑے کی نمائش کی ہے۔
اونودیرا نے ٹوکیو میں رپورٹروں کو بتایا، “میرا خیال ہے کہ سینکاکو جزائر کے گرد علاقائی پانیوں میں چین کی در اندازیاں “گرے زون” میں آتی ہے (یعنی) زمانہ امن اور ہنگامی صورتحال کے درمیان”۔
دونوں اطراف ستمبر 2012 سے جزیروں کی لڑی پر باہم دست و گریبان ہیں، جن پر چین دعویٰ کرتا ہے اور دیاؤیو پکارتا ہے، جب ٹوکیو نے ان میں سے تین کو ان کے جاپانی مالک سے خرید لیا تھا۔