ٹوکیو: جاپان ایک سرکاری بینک کو کم شرح سود پر قرضے دینے پر غور کر رہا ہے تاکہ فوجی مقاصد کے لیے ڈیزائن شدہ طیاروں کی برآمدات کی معاونت ہو سکے، جو کہ دوسری جنگِ عظیم کے خاتمے کے بعد پہلا موقع ہے کہ ایسی فروخت پر غور کیا جا رہا ہے؛ یہ بات اس پالیسی کا علم رکھنے والے اہلکاروں نے بتائی جو ابھی تیاری کے مراحل میں ہے۔
یہ قدم وزیرِ اعظم شینزو آبے کی کوششوں کے لیے ایک اضافے کا درجہ رکھتا ہے جو جاپان کی فوج کے لیے خود انحصاری بڑھانے اور ملک کے دفاعی ٹھیکے داروں کے لیے آئندہ سالوں میں دسیوں ارب ڈالر مالیت کی غیر ملکی منڈی کھول سکتا ہے۔
یہ فوجی ساز و سامان کی برآمد پر قریباً مکمل پابندی سے بھی یکلخت کایا پلٹ کا موقع ہو گا، ایک ایسی پیش رفت جو چین کے ساتھ تعلقات کو مزید کھنچاؤ کا شکار کر دے گی جیسا کہ زیادہ جارح مزاج جاپان ایشیا اور اس سے پار فوجی ٹیکنالوجی کی مارکیٹ کی تلاش میں ہے۔
اس معاملے میں شامل تین اہلکاروں کے مطابق، جاپان کی پالیسی میں تبدیلی کے دو ابتدائی آزمائشی کیس سی 2 فوجی مال بردار طیارہ، جو کاواساکی ہیوی انڈسٹریز تیار کرتی ہے اور شین مایاوا انڈسٹریز کا یو ایس 2 بری بحری طیارہ ہوں گے۔