ٹوکیو: ماہرینِ زلزلیات کے مطابق، اتوار کو 5.5 شدت کا ایک زلزلہ جاپان سے ٹکرایا، جس نے ٹوکیو میں عمارتیں ہلا دیں۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق، یہ زلزلہ، جو قریباً 30 سیکنڈ تک جاری رہا، صبح 7:38 بجے جنوبی ایباراکی صوبے میں آیا، جس کی گہرائی 70 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کی شدت توچیگی، سائیتاما اور چیبا کے صوبوں اور ٹوکیو کے 23 وارڈز میں 4، اور فوکوشیما، گونما، و کاناگاوا کے صوبوں میں 3 درج کی گئی۔
پلانٹ آپریٹر کے مطابق، تباہ حال فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر زلزلے سے ہل گیا تاہم کسی غیر معمولی بات کی اطلاع نہیں دی گئی۔
پٹڑیوں کی جانچ پڑتال کے لیے تیز رفتار ٹرینیں کچھ دیر کے لیے روکی گئی تھیں، تاہم جلد ہی معمول کے آپریشن پر لوٹ آئیں۔