ٹوکیو: جاپان نے جمعے کو کہا کہ وہ ٹائیفون سے تاراج شدہ فلپائن کے لیے اپنے ہنگامی امدادی پیکج میں تین گنا اضافہ کر کے 30 ملین ڈالر سے زیادہ کر رہا ہے، جیسا کہ ٹوکیو امدادی کاروائیوں میں مدد کے لیے 1000 تک فوجی بھیجنے کی تیاری بھی کر رہا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے کہا وہ اب آفت زدہ قوم کو ہنگامی گرانٹ کی صورت میں 30 ملین ڈالر دے گی، جو پچھلے 10 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔ 2 ملین ڈالر مالیت کا ہنگامی امدادی ساز و سامان اور معاونت جاپانی غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعے بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔
ٹوکیو نے کہا کہ مجموعی پیکج قریباً 52 ملین ڈالر تک پہنچ جائے گا جس میں منیلا میں قائم ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے غربت مکاؤ فنڈ کا 20 ملین ڈالر کا حصہ بھی شامل ہو گا۔
ایشیا کی دوسری بڑی معیشت کی جانب سے فلپائن کے لیے بڑے عطیے نے چین کی جانب سے نسبتاً کم امداد کے ساتھ تقابل پیدا کیے ہیں، جو علاقے کی سب سے بڑی معیشت ہے اور منیلا کے ساتھ سرحدی تنازع میں الجھا ہوا ہے۔