واشنگٹن: امریکی ایوانِ نمائندگان نے بدھ کو ایسے ممالک کو سزا دینے کے لیے رائے شماری میں حصہ لیا جو فوری طور پر اغوا شدہ بچے واپس نہیں کرتے، اور ایک ایسے معاملے پر دباؤ میں اضافہ کر دیا جس نے جاپان اور اس کے دیگر اتحادیوں میں تعلقات کو بدمزہ کیا ہے۔
کسی بھی مخالفانہ ووٹ کے بغیر، ایوان نے ایک سالانہ رپورٹ تشکیل دینے کے لیے رائے شماری کی تاکہ ہر ملک کی بچوں کے اغوا کی تاریخ کی جانچ کی جا سکے اور صدر اوباما سے تقاضا کیا جا سکے کہ وہ بدتر ریکارڈ کی حامل اقوام کے خلاف اقدامات اٹھائیں۔
ممکنہ امریکی اقدامات میں امریکی ٹیکنالوجی کے لیے برآمدی لائسنسوں سے انکار، ترقیاتی امداد میں کٹوتی اور سائنسی و ثقافتی تبادلوں کا التوا شامل ہیں۔ صدر کے پاس سزا ختم کرنے کا اختیار ہو گا۔
نمائندہ کرس اسمتھ، جو اس قانون کے مصنف ہیں، نے کہا یہ امریکی حکومت پر زور ڈالے گا کہ وہ ہر سال 1000 سے زیادہ کیسوں کو حل کرے جن میں امریکی بچوں کو سمندر پار لے جایا جاتا ہے، جو عموماً غیر ملکی شریکِ حیات اپنے امریکی شریکِ حیات سے علیحدگی کے بعد کرتے ہیں۔
تعداد کے لحاظ سے سب سے زیادہ کیس جاپان میں وقوع پذیر ہوتے ہیں، جو 1980 کے ہیگ کنونشن کی توثیق نہ کرنے والا اکلوتا صنعتی ملک ہے، یہ کنونشن ممالک پر شرط عائد کرتا ہے کہ وہ اغوا شدہ بچوں کو ان کے رہائشی ملک میں واپس بھجوائے جہاں وہ عمومی طور پر رہائش پذیر تھے۔