ٹوکیو: جاپان میساوا، صوبہ آؤموری میں ایک ائیر بیس پر اپنے اولین گلوبل ہاک غیر انسان بردار نگران طیارے تعینات کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جو ایک امریکی اڈے کے بالکل ساتھ ہے جہاں ایسے ہی طیارے اس برس کے اواخر تک تعینات کیے جائیں گے۔
یومیوری شمبن نے اس ہفتے خبر دی، وزارتِ دفاع اپریل 2015 اور مارچ 2016 کے درمیان تین گلوبل ہاک ڈرون تعینات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
میساوا سینکاکو جزائر سے قریباً 2300 کلومیٹر شمال میں واقع ہے، ، جہاں ستمبر 2012 میں ٹوکیو کی جانب سے کچھ جزائر قومیانے کے بعد سے چینی کوسٹ گارڈ کئی مرتبہ پہنچ چکے ہیں، اور بعض اوقات علاقائی پانیوں میں داخل ہو چکے ہیں۔
نفیس حساسیوں اور ریڈاروں سے لیس گلوبل ہاک ڈرون مسلسل 30 گھنٹے سے زائد بلا تعطل پرواز اور 18000 میٹر کی بلندی سے 500 کلومیٹر کے حلقے میں جہازوں، طیاروں اور میزائلوں کی حرکت کا سراغ لگا سکتا ہے۔
اس میں حملے کی صلاحیت نہیں ہے۔
خبر کے مطابق، وزارتِ دفاع اور امریکی فضائیہ مشترکہ طور پر ڈرونز کی دیکھ بھال کریں گے تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ موثر انداز میں چل رہے ہیں۔
یومیوری نے کہا، اس کے علاوہ گلوبل ہاک سے اکٹھی کی گئی معلومات مشترکہ طور پر بانٹی اور تجزیہ کی جائے گی۔