ٹوکیو: صوبہ ہیوگو میں ایک آدمی کو ایک عجیب و غریب جرم پر حراست میں لیا گیا ہے۔ اس کا جرم یہ تھا کہ اس نے ایک ہائی اسکول کی طالبہ پر بلا ضرورت ایک سفید کریمی محلول کی پچکاری چلا دی۔ اگرچہ مذکورہ مادہ اتنا کراہت آمیز ہے نہیں جتنا کہ لگ رہا ہے، تاہم پھر بھی یہ عمل خاصا مکروہ ہے۔
9 جنوری کو پولیس نے کاوانیشی شہر کے ساکائے ماچی پڑوس میں رہنے والے ایک شخص کو حراست میں لیا۔ اس کا جرم؟ اس نے ایک 15 سالہ لڑکی کی پشت پر مایونیز کی پچکاری ماری تھی۔
پچھلے اکتوبر کی 31 تاریخ کی شام مذکورہ 10 ویں کی طالبہ ہانکیو نوسے گوچی اسٹیشن کے ایک پلیٹ فارم پر جانے کے لیے متحرک زینے پر سوار تھی۔یہ اسٹیشن بھی ساکائے ماچی میں ہی واقع ہے۔ اچانک اسے ایک عجیب سا شور سنائی دیا، اور جب اس نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو مذکورہ مشتبہ اس کے پیچھے کھڑا تھا۔ جس نے اس پر پچکاری چلا دی۔ سراغ رسانوں نے سیکیورٹی کیمرہ کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا جس میں یہ مشتبہ موجود تھا۔ اور اس طرح وہ اسے شناخت کرنے اور سراغ لگانے میں کامیاب رہے۔
اس 25 سالہ مشتبہ کا نام جاری نہیں کیا گیا۔ اپنی گرفتاری پر اس نے اپنے افعال سے انکار کرنے کی ذرا بھی کوشش نہیں کی۔ جب پوچھا گیا کہ اس عجیب و غریب مجرمانہ سلسلے کے پیچھے وہی تھا تو اس نے آرام سے کہہ دیا “اس میں کوئی شک نہیں”۔