ٹوکیو: ایک ٹی وی اسٹیشن نے بدھ کو کہا کہ متنازعہ ڈرامہ اسپانسرز کی جانب سے حمایت ترک کرنے کے باوجود حسبِ ارادہ نشر کیا جائے گا۔ اس ڈرامے میں ایک یتیم خانے میں رہنے والے بچے دکھائے گئے ہیں۔ اس ڈرامے پر بچوں کی غلط سماجی تصویر کشی کی وجہ سے تنقید کی گئی ہے۔
انسانی حقوق سے متعلق گروہوں نے شکایت کی کہ “آشیتا ماما گا اینائی” (امی کل یہاں نہیں ہوں گی) نامی ڈرامہ بچوں کو ایسے پیش کرتا ہے جیسے وہ “کسی پالتو جانوروں کی دوکان پر رکھے جانور ہو”۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے نگہداشتی مراکز پر رہنے والے بچوں بارے غلط نظریات کو تقویت مل سکتی ہے۔
مراکزِ اطفال کے کارکنوں کی نمائندہ ایک تنظیم نے کہا، یہ پروگرام نوجوانوں کو ایسے پیش کرتا ہے جیسے انہیں “تشدد اور خوف کے ذریعے قابو اور مجبور کیا جاتا ہو”۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا، “ہمیں خدشہ ہے کہ یہ ڈرامہ غلط سوچ اور نظریات کو فروغ دے گا اور مراکزِ اطفال کے خلاف امتیازی رجحانات میں اضافے کا موجب بنے گا”۔
یہ غم و غصہ 15 جنوری کو اس ڈرامے کی افتتاحی قسط نشر ہونے پر شروع ہوا۔ اس میں بچوں کو ایک افسانوی “چھوٹی بطخوں کے گھر” میں دکھایا گیا ہے۔ وہاں انہیں اپنا برتاؤ ٹھیک کرنے کے لیے پانی سے بھری ہوئی بالٹیاں اٹھانے کی سزا دی جاتی ہے۔