ٹوکیو: خبروں کے مطابق، ہفتے کو ٹوکیو اور جاپان بھر کے دیگر علاقوں میں دو عشروں کی شدید ترین برفباری ہوئی۔ جس سے 29 صوبوں میں تین لوگ ہلاک اور 500 کے قریب افراد زخمی ہو گئے۔
موسمیاتی ایجنسی نے دارالحکومت کے لیے سخت طوفانی موسم کی پیشن گوئی کی تھی جس کی وجہ سے 740 سے زائد پروازوں کو اتار لیا گیا۔ جبکہ 40,000 سے زائد گھرانے بجلی سے محروم ہو گئے۔
موسمیاتی ایجنسی اور اخباری اطلاعات کے مطابق، ٹوکیو میں ہفتے کی سہ پہر تک 22 سینٹی میٹر کی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح 1994 کے بعد پہلی مرتبہ 20 سینٹی میٹر سے زیادہ برفباری ہوئی۔
موسمیاتی ایجنسی نے کہا، ہفتے کی رات اور اتوار کو علی الصبح ٹوکیو میں مزید برفباری کی توقع ہے۔
ایجنسی نے مشرقی جاپان میں تیز ہواؤں اور اونچی لہروں سے بھی خبردار کیا۔ اس نے کہا کہ کم دباؤ والا موسمیاتی نظام مشرقی جاپان کی جانب بڑھ رہا ہے۔
مغربی جاپان میں ریلوے آپریٹروں نے شنکانسن بلٹ ٹرینوں کی خدمات عارضی طور پر معطل کر دیں۔ اخباری اطلاعات کے مطابق، اس طرح 100,000 سے زیادہ مسافر متاثر ہوئے۔