ٹوکیو: سافٹ بینک نے بدھ کو کہا کہ آئی فون کی مضبوط بِکری کے باعث نو ماہ کے دوران اس کا منافع 58 فیصد بڑھ گیا۔ تاہم تیسری سہ ماہی میں نو خرید شدہ اسپرنٹ نیکسٹل یونٹ میں نقصانات کی وجہ سے آمدن پر برا اثر پڑا۔
جاپانی ٹیلی کام دیو نے 488.23 ارب ین کی آمدن درج کی اور دسمبر تک کے نو ماہ کے دوران 2.28 ملین نئے وصول کار گاہک بنائے۔
اس نے ایک بیان میں کہا، “یہ بنیادی طور پر اسمارٹ فونز خصوصاً آئی فون کی ثابت قدم بِکری کے باعث ممکن ہوا۔”
سافٹ بینک نے کہا کہ نو ماہ کے دوران بِکری 4.56 ٹریلین ین کے ساتھ پچھلے برس کے مقابلے میں قریباً دوگنی ہو گئی۔ اس مجموعے میں اسپرنٹ کی آمدن بھی شامل ہے۔ تاہم اس یونٹ کی آمدن میں دسمبر تک کے تین ماہ کے دوران کمی ہوئی اور ایک برس قبل کے مقابلے میں منافع 13 فیصد کم ہو گیا۔
سافٹ بینک نے جولائی میں امریکہ کے تیسرے بڑے وائرلیس کیرئیر کا کنٹرول سنبھالا تھا۔ اس کے لیے اس نے 21.6 ارب ڈالر ادا کیے۔ سافٹ بینک حالیہ برسوں میں ایسی ہی کئی خریداریاں کر چکا ہے۔