بالی: جاپانی قونصل خانے کے افسر کے مطابق، انڈونیشی امدادی کارکنوں نے سات جاپانی اسکوبا غوطہ خوروں کی تلاش اتوار کو دوبارہ شروع کی۔ یہ خواتین دو دن قبل بالی کے قریب ایک غوطہ لگانے کے دوران غائب ہو گئی تھیں۔
بالی میں جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل یسوئے کاتسونوبو نے کہا، ایک تلاش پارٹی پانچ سیاحوں اور دو انسٹرکٹروں –تمام خواتین تھیں– کی تلاش میں سمندر کھنگال رہی تھی۔ یہ ساتوں خواتین جمعے کی سہ پہر بالی کے جنوب مشرق میں نوسا لیمبونگان اور نوسا پینیدا نامی جزائر کے نزدیک تیسری مرتبہ غوطہ لگانے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔
کاتسونوبو نے کہا، جب مذکورہ خواتین سمندر سے واپس نہ ابھریں تو کشتی کے کپتان نے پولیس کو بلایا۔ یہ کشتی سانور کے ریتلے ساحل والی طرف سے ییلو اسکوبا نامی ادارے سے کرائے پر حاصل کی گئی تھی۔
بالی کی تلاش و امداد ایجنسی کے ایک رکن نے بتایا کہ ان کی ایجنسی سے قریباً 100 لوگوں نے اس تلاش میں شرکت اختیار کر لی ہے۔ ان میں بحری پولیس، بحریہ، اور اس کے ساتھ ساتھ ماہی گیر، جاپانی اور انڈونیشی غوطہ خوری انسٹرکٹر بھی شامل تھے۔
کاتسونوبو نے کہا کہ ساتوں خواتین انتہائی تجربہ کار اسکوبا غوطہ خور تھیں اور کم از کم 50 غوطے لگا چکی تھیں۔