آبے کارپوریٹ ٹیکس کی شرح کم کرنے کے مشاق ہیں، سُوگا

ٹوکیو: چیف کیبنٹ سیکرٹری یوشی ہیدے سُوگا نے کہا، وزیرِ اعظم شینزو آبے جاپان کی کارپوریٹ ٹیکس کی شرح کم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ ایک ایسا قدم ہے جو جاپانی کمپنیوں کی عالمی مسابقت پذیری کو بڑھا سکتا ہے اور ملک کو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے مزید پرکشش بنا سکتا ہے۔

سوگا حکومتی ترجمان کا کردار ادا کرتے ہیں اور آبے کے انتہائی قابل اعتماد معاونین میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی قیادت میں ہونے والے آزاد تجارتی معاہدے، ٹرانس پیسفک پارٹنر شپ کے مذاکرات میں جاپانی شمولیت آبے کی بڑھوتری حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا یہ ان کی “آبے نامکس” پالیسی کا “تیسرا تیر” ہے جس میں انتہائی نرم زری پالیسیاں اور مالی اخراجات بھی شامل ہیں۔

سوگا نے رائٹرز کو ایک انٹرویو میں بتایا، “وزیرِ اعظم نے کارپوریٹ ٹیکس کی شرح میں کمی کے لیے واضح بیان دیا ہے”۔ “ہم یہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔”

وزارتِ خزانہ کے اہلکاروں نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ کارپوریٹ ٹیکس میں کمی سے سرکاری قرضہ مزید بدتر ہو جائے گا جو پہلے ہی ترقی یافتہ ممالک میں سب سے زیادہ سمجھا جاتا ہے۔ جاپان میں قومی اور مقامی ٹیکسوں کو ملا کر کارپوریٹ ٹیکس کی 35 فیصد شرح کو عالمی معیارات کے مطابق زیادہ سمجھا جاتا ہے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.