ٹوکیو: ٹیوٹا موٹر کارپوریشن اپنے نو تخلیق شدہ وائرلیس بیٹری چارجنگ نظام کی تصدیق کے لیے آزمائشیں شروع کرے گا۔ یہ نظام برقی موٹر والی گاڑیوں مثلاً پٹرول و بجلی پر چلنے والی دوغلی گاڑیوں اور برقی کاروں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ آزمائشیں فروری کے اواخر میں صوبہ آئچی میں شروع ہوں گی۔
یہ نظام ایک کوائل کے اوپر اس کی سیدھ میں زمین پر پارک شدہ گاڑی کو چارج کر سکتا ہے۔ اس طرح چارجنگ کا عمل انتہائی سادہ اور آسان ہو جاتا ہے۔
چارجنگ کا یہ نظام مقناطیسی گمگ کی ٹیکنالوجی استعمال کرتا ہے۔ اس طریقے میں زمین کے اندر موجود کوائل میں مقناطیسی میدان کی شدت میں کمی بیشی کی وجہ سے پیدا شدہ مقناطیسی گمگ استعمال کر کے بجلی منتقل کی جاتی ہے۔ نچلی کوائل میں گمگ کی کمی بیشی سے گاڑی میں موجود کوائل پر اثر پڑتا ہے اور کرنٹ پیدا ہوتا ہے۔
یہ نظام مستقبل میں تجارتی مقاصد کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اسے قریبی ساز و سامان کے لیے برقی مقناطیسی تداخل کم سے کم رکھنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ کوائل کو بھی مضبوط بنایا گیا ہے تاکہ وہ اوپر کھڑی گاڑی کا بوجھ سہار سکے۔
ان آزمائشوں میں صارفین کا اطمینان، نظام کے استعمال میں آسانی، سیدھ میں گاڑی پارک نہ کرنے کی شرح، اور چارجنگ کا رویہ (چارجنگ کی تعداد اور ٹائمر پر مشتمل چارجنگ) جیسی چیزیں جانچی جائیں گی۔