ٹوکیو: پلانٹ آپریٹر نے جمعرات کو کہا کہ فوکوشیما پر قریباً 100 ٹن انتہائی تابکار پانی کا ایک اور رساؤ دریافت ہوا ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں انکشاف ہوا تھا کہ ایک تباہ حال ری ایکٹر کے اندر نو تھرمامیٹروں میں سے صرف ایک کام کر رہا ہے۔
ٹوکیو الیکٹرک پاور کو (ٹیپکو) کے ایک ترجمان نے کہا، زہریلا پانی اب سائٹ پر موجود ذخیرہ ٹینک سے خارج نہیں ہو رہا۔ اس نے مزید کہا کہ اغلباً اس پر قابو پایا جا چکا ہے۔ تاہم یہ خبر تحفظ کے حوالے سے کمپنی کی شہرت کے لیے ایک اور دھچکا ہے۔
یہ ٹینک سائٹ پر موجود سینکڑوں ٹینکوں میں سے ایک ہے اور ساحلِ سمندر سے قریباً 700 میٹر کے فاصلے پر پڑا ہے۔ تباہ شدہ ری ایکٹروں کو ٹھنڈا کرنے کے لیے استعمال شدہ آلودہ پانی بعد میں ان ٹینکوں میں ذخیرہ کیا جاتا ہے۔