ٹوکیو: جمعے کی خبروں کے مطابق، سونی ٹوکیو کے ایک مہنگے علاقے میں اپنی املاک فروخت کر رہا ہے۔ یہ جگہ چھ عشروں تک اس کے ہیڈکوارٹر کے طور پر کام کرتی رہی ہے۔ کبھی دنیا کی نمبر ایک رہنے والی فرم اب اپنے بنیادی معاملات سدھارنے کے لیے جدوجہد میں مصروف ہے۔
روزنامہ نیکےئی نے کہا کہ کمپنی کبھی اپنے وسیع و عریض آپریشن کا صدر مقام رہنے والی ان عمارات کے لیے گاہک کی تلاش میں ہے۔ یہ اقدام صارفی الیکٹرونکس کے دیو سونی کے خزانوں میں کمی کا ایک نفیس استعارہ بھی ہے۔
یہ املاک شیناگاوا ریلوے اسٹیشن کے نزدیک گوتینیاما کے علاقے میں واقع ہیں۔ یہاں حال ہی میں زمین کی قیمتیں بڑھی ہیں۔
اقتصادی اخبار نیکےئی کے مطابق، یہ املاک متوقع طور پر کمپنی کو 15 ارب ین کے قریب رقم مہیا کریں گی۔
سونی نے 1946 میں ٹوکیو توشین کیوگو کے نام سے کام شروع کیا تھا۔ اس سے ایک سال قبل جاپان کو دوسری جنگِ عظیم میں شکست ہوئی تھی۔