مالانگ، انڈونیشیا: انڈونیشی پولیس نے پیر کو کہا کہ ایک جاپانی خاتون کی لاش دریافت ہوئی ہے۔ خیال ہے کہ یہ وہی خاتون ہے جو ایک ماہ قبل چھ دیگر خواتین کے ہمراہ بالی کے نزدیک لا پتہ ہو گئی تھی۔ اس کی لاش لاپتہ ہونے کے مقام سے بہت زیادہ فاصلے پر پائی گئی۔
خیال ہے کہ یہ لاش غوطہ خوری کی استاد شوکو تاکاہاشی کی ہے۔ یہ ویک اینڈ کے دوران جزیرہ سیمپو، صوبہ مشرقی جاوا میں پائی گئی۔ یہ غوطہ خوروں کے لاپتہ ہونے کے مقام سے قریباً 400 کلومیٹر کے فاصلے پر دریافت ہوئی۔
پانچ دیگر جاپانی غوطہ خور خواتین کو 14 فروری کو لاپتہ ہونے کے چند ہی دن بعد ایک گروپ کی صورت میں ڈھونڈ لیا گیا تھا۔ جبکہ یہ چھٹی لاش انڈونیشی سیاحتی جزیرے کے ساحل پر بہ کر آئی۔
مالانگ کے بحری پولیس سربراہ سلامت پریاتینو نے اے ایف پی کو بتایا، “یہ لاش ضلع مالانگ میں جزیرہ سیمپو کے ساحل پر ہفتے کے روز پائی گئی”۔
تاکاہاشی سیاحتی جزیرے میں رہتی تھی اور بالی سے تعلق رکھنے والے اپنے خاوند کے ساتھ ییلو اسکوبا نامی ادارہ چلاتی تھی۔ اسی ادارے کے غوطہ خوروں کے حصے میں یہ بدقسمت مہم آئی تھی۔