ٹوکیو: جاپانی کوسٹ گارڈ نے کہا کہ منگل کو علی الصبح خلیج ٹوکیو میں دو مال بردار بحری جہاز ٹکرا گئے۔ اس وجہ سے ایک چینی رکنِ عملہ ہلاک اور آٹھ دیگر لاپتہ ہو گئے۔
پانامہ کے جھنڈے کا حامل بیگل سوم نامی 12,630 ٹن وزنی جہاز اسٹیل کی کوائل لے جا رہا تھا۔ وہ اُوراگا آبی راستے میں جنوبی کوریا میں رجسٹر شدہ پیگاسس پرائم کے ساتھ ٹکرا کر ڈوب گیا۔
کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار نے کہا، بیگل سوم پر سوار 20 چینی اراکینِ عملہ کو امداد پہنچائی گئی۔تاہم بعد میں ان میں سے ایک کو مردہ قرار دے دیا گیا۔
جاپانی اہلکار کے مطابق، 7406 ٹن وزنی پیگاسس پرائم پر چھ جنوبی کوریائی اور آٹھ برمی افراد سوار تھے۔ وہ زیادہ تر محفوظ ہی رہے تاہم دو کوریائیوں کو لائف بوٹ نیچے کرنے کے دوران معمولی زخم آئے۔
کوسٹ گارڈ کے مطابق، خیال ہے کہ تصادم کے وقت سمندر پرسکون ہی تھا۔
خلیج ٹوکیو جاپان کا مصروف ترین آبی راستہ ہے اور روزانہ یہاں سے 500 کے قریب جہاز گزرتے ہیں۔