اولین چیری بلاسم کھلنے کے ساتھ ہی جاپان میں بہار کی آمد

ٹوکیو: منگل کو جاپان میں باضابطہ طور پر بہار کی آمد ہو گئی۔ اور جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے چیری بلاسم سیزن کا اعلان کر دیا۔

دارالحکومت کے وسطی یاسوکونی مزار میں درختوں کی نگرانی کرنے والے پیشن گو ماہرین نے کہا کہ وہاں اولین شگوفے پھوٹ چکے ہیں۔ اس طرح دو ہفتے طویل دورانیے کا آغاز ہو گیا جس کے دوران ٹوکیو کے پارک، مندروں کے میدان، اسکول اور گلیاں گلابی اور سفید پھولوں سے اٹ جائیں گی۔

جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے اہلکار نے کہا، “چیری بلاسم ہمیں بتانے کا ایک اچھا پیمانہ ہے کہ بہار آ گئی ہے”۔ اس نے مزید کہا کہ سال کے اولین شگوفے اپنے معمول کے وقت پر نمودار ہوئے ہیں۔

جاپانی ثقافت اس بھرپور مگر نازک جوبن کو گراں بہا سمجھتی ہے۔ اس کی ناپائیداری –یہ پھول صرف ایک ہفتہ کھلے رہتے ہیں– زندگی کی ناپائیداری کا احساس دلاتی ہے۔

قریباً ایک ہفتے کے دوران ہی ٹوکیو کے درخت پورے جوبن پر آ جائیں گے۔ اس سے پارک بڑے بڑے پکنک مقامات میں بدل جائیں گے جہاں دوست، اہلخانہ اور رفیقانِ کار خوشیاں منانے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔ یہ پارٹیاں کبھی گھنٹوں تک چلتی ہیں اور کبھی ان میں شراب پینے سے بدنظمی بھی پیدا ہوتی ہے۔

ملک کا بیشتر مغربی حصہ پہلے ہی جوبن پر ہے، جبکہ شمالی حصے میں مئی تک پھول کھلنے کا امکان ہے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.