رچمنڈ، ورجینیا: امریکی ریاست ورجینیا میں اسکول کی نئی نصابی کتب میں بحیرہ جاپان کا کوریائی نام بھی لازمی شامل ہو گا اور اب یہ بِل قانون کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ یہ کوریائی نژاد امریکی مہم چلانے والوں کی فتح ہے جنہیں جنوبی کوریائی حکومت کی پشت پناہی بھی حاصل تھی۔
ایک ترجمان نے جمعرات کو تصدیق کی کہ ورجینیا کے گورنر ٹیری مک اولیفے نے اس ہفتے کے اوائل میں اس قانون پر دستخط کیے۔ یہ قانون شرط عائد کرتا ہے کہ نصابی کتب جاپان اور کوریا کو جدا کرنے والے پانی کے ذخیرے کے لیے “مشرقی سمندر” کا لفظ بھی استعمال کریں۔ کوریا میں اسے اسی نام سے جانا جاتا ہے۔
اس قانون سازی کا متن ورجینیا کے 82,000 کوریائی نژاد امریکی شہریوں کے لیے ایک نمایاں کامیابی کی حیثیت رکھتا ہے جنہوں نے یہ مہم چلائی تھی۔ ان کے مقابلے میں یہاں رہنے والے نسلاً جاپانیوں کی تعداد صرف 19,000 ہے۔
اس معاملے پر نہ صرف کوریائی نژاد امریکیوں نے لابنگ کی بلکہ 11,000 کلومیٹر دور واقع جاپان اور جنوبی کوریا کی حکومتیں بھی اس میں ملوث ہو گئیں۔ یہ دونوں حکومتیں اس سمندر کے نام پر برسوں سے سرپھٹول میں مصروف ہیں۔