واشنگٹن؛ امریکہ نے جمعرات کو جاپان پر زور ڈالا کہ وہ اپنی زرعی اور گاڑیوں کی منڈیاں غیر ملکی مسابقت کے لیے کھول دے۔ اس نے کہا کہ جاپان بحر الکاہل کے تجارتی معاہدے میں خصوصی سلوک کی توقع نہیں رکھ سکتا۔ یہ معاہدہ دنیا کی ایک تہائی درآمدات و برآمدات کو کور کرے گا۔
امریکی تجارتی نمائندے مائیکل فورمین نے امریکی قانون سازوں کو بتایا کہ جاپان تجارتی رکاوٹیں دور کرنے پر تذبذب کا شکار ہے اور یہ بات 12 ملکی ٹرانس پیسفک پارٹنرشپ معاہدے کو روکے ہوئے ہے۔ یہ معاہدہ ایشیا سے لاطینی امریکہ تک پھیلا ہوا ہو گا۔
امریکہ اور جاپان ان مذاکرات کی دو سب سے بڑی معیشتیں ہیں اور ان میں شدید قسم کی بات چیت ہوتی رہی ہے۔ اس کے باوجود جاپان زرعی مصنوعات اور گاڑیوں کی تجارت میں موجود خلا دور کرنے کے لیے تجاویز کے ساتھ آگے نہیں آ سکا۔
فورمین نے کہا، “دیگر تمام ممالک جاپان کے منتظر ہیں کہ وہ ان مذاکرات میں اپنا موزوں کردار ادا کرے۔ اور ایک بار منڈیوں تک رسائی کا معاملہ حل ہو گیا تو ہم دیگر معاملات کو حل کرنے کے قابل بھی ہو جائیں گے”۔