ٹوکیو: جاپان نے 112,000 کے قریب مرغیاں ذبح کرنے کا حکم دیا ہے۔ قبل ازیں اتوار کو جنوب کے ایک پولٹری فارم میں اہلکاروں نے برڈ فلو کی تصدیق کی تھی۔
وزارتِ زراعت نے ایک بیان میں کہا، ڈی این اے ٹیسٹوں سے تصدیق ہوئی کہ ایک فارم میں وائرس کی H5 قسم پائی گئی ہے۔ یہ فارم صوبہ کوماموتو میں واقع ہے اور یہاں کوئی 56,000 پرندے رکھے گئے تھے۔ قبل ازیں اس فارم کے مالک نے اپنے فارم پر اچانک مرغیوں کی موت کی اطلاع دی تھی۔
وزارت نے کہا، اہلکاروں نے ایک اور فارم میں بھی 56,000 کے قریب مرغیوں کو تلف کرنے کا حکم دیا۔ یہ فارم بھی اسی مالک کا تھا اور اہلکار اسے بھی ممکنہ انفیکشن والی جگہ کے طور پر لے رہے ہیں۔
تاہم وزارت نے فارم مالکان کو انفیکشن کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ اس نے ایشیا، بشمول جنوبی کوریا میں اس بیماری کے مسلسل پھیلاؤ کا حوالہ دیا۔
مقامی اہلکاروں نے ہفتے کو ان دو فارموں اور علاقے کے دیگر فارموں سے مرغیوں کی نقل و حمل پر پابندی لگا دی۔
حکومت تازہ ترین انفیکشن کی وجوہات معلومات کرنے کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم روانہ کرے گی اور ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے مقامی حکام کی معاونت کرے گی۔