ٹوکیو: ٹوکیو کے گورنر یوئچی ماسوزوئے نے منگل کو کہا کہ وہ اس ماہ بیجنگ کے مئیر کی دعوت پر وہاں کا دورہ کریں گے۔ یہ اہلکاروں کی جانب سے جاپان چین تعلقات کو ٹھیک کرنے کی ایک کوشش ہے۔
ماسوزوئے سابق وزیرِ صحت ہیں اور انہوں نے فروری میں عہدہ سنبھالا تھا۔ وہ مئیر وانگ آنشون کے مہمان کے طور پر تین روزہ دورہ کریں گے۔ ماسوزوئے 18 برسوں میں مدعو کیے گئے پہلے ٹوکیو گورنر ہیں۔
ماسوزوئے نے کہا کہ وہ اپنے بیجنگ کے ہم منصب سے مشورے کے متمنی ہوں گے کہ عالمی معیار کے اولمپکس کیسے منعقد کیے جائیں۔ چین 2008 کے کھیلوں کے انعقاد میں سرخرو رہا تھا اور ٹوکیو 2020 میں اپنے کھیلوں کے انعقاد کے لیے تیاری کر رہا ہے۔
تعلقات کی بحالی کے حوالے سے کیودو نیوز ایجنسی نے غیر تصریح شدہ ذرائع کے حوالے سے منگل کو ایک اور خبر دی تھی۔ وزیرِ اعظم آبے نے اس ماہ کے اوائل میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے آنجہانی جنرل سیکرٹری ہو یاؤبانگ کے سب سے بڑے بیٹے سے ملاقات کی تھی۔ اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹوکیو بیجنگ کے ساتھ اپنے تعلقات کی بحالی کے لیے کوشش کر رہا ہے۔
سرکاری نشرکار این ایچ کے نے بھی منگل کو خبر دی کہ چین کے ساتھ دوستی کو فروغ دینے والے جاپانی قانون سازوں کا ایک گروہ اگلے ماہ بیجنگ کے دورے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ انہیں چینی تنظیموں نے دعوت دی ہے۔