واسیدا یونیورسٹی میں جاپان کی مسلم کمیونٹی کے بارے میں سیمینار

ٹوکیو میں واقع ، جاپان کی دنیا بھر میں مشہور ’واسیدا یونیورسٹی‘ میں جاپان کی مسلم کمیونٹی کے بارے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ سیمینار کا عنوان ہے ، ’جاپان میں مسلم نیٹ ورک اور جاپانی مسلمان ‘ ۔ سیمینار میں جاپان کی مختلف مساجد اور اسلامی تنظیموں کے نمائندوں کو مقالے پیش کرنے اور مباحثے میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔

یہ واسیدا یونیورسٹی کی جانب سے اس نوعیت کا دوسرا سیمینار ہے ۔ پہلا سیمنار ، گزشتہ سال ۹ فروری کو منعقد کیا گیا تھا ۔

سیمینار میں انتظامیہ کےافتتاحی خطاب کے بعد ، ناگویا مسجد کے جناب شیر افضل ریکا ، ’جاپان کی مسلم کمیونٹی کا عمومی جائزہ‘ کے عنوان سے مقالہ پیش کریں گے ۔ اس کے بعد پینل ڈسکشن ہوگا ، جس کی نظامت کی ذمہ داری محمد انور میمن کے سپرد ہے ۔

پینل ڈسکشن میں تین شرکاء اپنے اپنے مقالے پیش کریں گے ۔ ہر مقالے کے بعد ، پینل کے تمام شرکاء ، اس پر بحث و مباحثہ کریں گے ۔

پہلا مقالہ ’جاپان کی مسلم کمیونٹی کے مسائل‘ کے عنوان سے ہوگا ۔ دوسرا ’جاپان میں اسلام‘ اور تیسرا ’جاپان میں مسجد نیٹ ورک‘ کے موضوع پر ہوگا ۔

پینل ڈسکشن کے اختتام پر ، عام شرکاء کو بھی تبصرے اور سوالات کا وقت دیا جائے گا ۔

سیمینار کے دوران ، دوپہر کے کھانے ، نماز ظہر اور نماز عصر کے لئے وقفے دئے جائیں گے ۔

سیمینار مکمل طور پر جاپانی زبان میں ہوگا ۔

جاپانی شریک حیات والے مسلمان خواتین حضرات کے لیے اپنے زنددگی کے ساتھ کو اسلام سے انتہائی علمی عطح پر متعارف کروانے یا علم حاصل کرنے کا بہترین هو گا ـ

تاریخ اور وقت : ۷ مارچ ۲۰۱۰ ، صبح ۱۰ بجے سے شام ۵:۳۰ بجے تک

مقام : کمرہ نمبر ۲۰۱ ، بلڈنگ نمبر ۲۲ ، واسیدا یونیورسٹی

نوٹ : سیمنار میں شرکت عام ہے ، تاہم منتظمین کی درخواست ہے کہ شرکت کے خواشمند افراد پروفیسر تنادا کو ای میل کے ذریعے اپنی شرکت کی اطلاع دیں ۔ htanada@waseda.jp