ٹوکیو: جاپان خوراک کی امداد کے سلسلے میں مزید 21 ملین ڈالر افریقی سینگ کے علاقے میں قحط زدہ چار ممالک صومالیہ، کینیا، ایتھوپیا اور جبوتی کو دے گا۔
جاپانی میڈیا نے اتوار کو اطلاع دی کہ وزیر خارجہ کوچیرو گیمبا نے ہفتے کو اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ وزارتی اجلاس میں یہ وعدہ کیا۔ یہ تازہ ترین پیش کش جاپان کی طرف سے اس سال کے شروع میں افریقی سینگ کے علاقے کے لیے 100 ملین ڈالر کی امداد کے وعدے کے علاوہ ہے۔
اجلاس کے موقع پر افریقن یونین نے علاقے کے لیے مالیاتی امداد کی شکل میں 351 ملین ڈالر کے وعدے حاصل کیے۔ افریقن یونین کمیشن کے چئیرمین، جین پنگ نے رپورٹروں کو بتایا کہ افریقی سینگ کے علاقوں کو سخت قحط اور غذائی قلت کا سامنا ہے، جو 60 سالوں میں بدترین قحط سالی ہے۔
اے پی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ قریباً 700 ملین ڈالر کی اس سال مزید ضرورت ہے تاکہ افریقی سینگ کے علاقے میں زندگی بچانے کی کوششوں کو جاری رکھا جا سکے، انہوں نے مزید کہا کہ امداد اگلے سال بھی درکار ہو گی۔