ٹوکیو: اہلکاروں نے ہفتے کو بتایا کہ جاپان نے ایک تربیتی پرواز کے دوران ایندھنی ٹینک اور نقلی میزائل گرنے کے بعد تین ماہ میں دوسری بار ایف 15 لڑاکا طیارے گراؤنڈ کر دئیے ہیں۔
جاپان ائیر سیلف ڈیفنس فورس کے اہلکاروں نے کہا کہ پروازوں کی معطلی میں ہنگامی پروازوں کے علاوہ ہر قسم کے مشن شامل ہیں اور یہ پابندی تب تک جاری رہے گی جب تک جاپان کے 202 ایف 15 لڑاکا طیاروں کے محفوظ ہونے کا یقین نہیں کر لیا جاتا۔
صوبہ فوکوشیما میں کوماتسو بیس کے قریب ہونے والے جمعے کے اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور پائلٹ بحفاظت اتر آیا تھا۔ جولائی میں مشرقی چینی سمندر میں ایک جیٹ طیارے گرنے کے بعد ایف 15 کو گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔
تازہ ترین واقع اس وقت پیش آیا ہے جب ٹوکیو ان پرانے لڑاکا طیاروں کو تبدیل کرنے جا رہا ہے۔
اے ایس ڈی ایف کے مطابق ایندھنی ٹینک 6.6 میٹر لمبا، 0.8 میٹر قطر والا اور 155 کلوگرام وزنی تھا۔ یہ ٹینک، جو کہ خالی تھا، اور نقلی میزائل کے حصے طیارہ اترنے کے دوران اس سے الگ ہوئے اور گر گئے۔ ملبہ 10 مقامات پر گرا جن میں ایک سیوریج پلانٹ بھی شامل ہے۔
“ہم اس حادثے کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔” اے ایس ڈی ایف کے جنرل شیگیرو یواساکی نے جمعے کی شام ایک نیوز کانفرنس کے موقع پر کہا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجہ کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
جاپان امریکی ساختہ طیاروں کا سب سے بڑا غیرملکی صارف ہے تاہم اب اپنے پرانے بیڑے کو تبدیل کرنے کے لیے نئے طیاروں کی تلاش کر رہا ہے۔ یہ اپنے انتخاب کا اعلان اس سال کے آخر تک آٹھ بلین ڈالر تک کے ایک معاہدے کے ذریعے کر دے گا۔
جاپان کے واشنگٹن کے ساتھ قریبی فوجی تعلقات کی وجہ سے لاک ہیڈ کا ایف 35 اور بوئنگ کا ایف/اے 18 عرصہ دراز سے امیدواروں میں سرفہرست ہیں، تاہم یورو فائٹر ٹائفون بھی زیر غور ہے۔
معاہدے میں 40 سے 50 طیاروں کی خریداری متوقع ہے۔
اگرچہ ایف 15 میں گزشتہ سالوں میں کئی جدتیں اور تبدیلیاں کی گئی ہیں، تاہم یہ طیارے 1970 سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور ان کی دیکھ بھال کے اخراجات بڑھتے جا رہے ہیں۔ امریکہ، جو خود ان طیاروں پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے، منصوبہ بندی کر رہا ہے کہ ایف 15 کو زیادہ جدید ایف 35 اور ایف 22 کے ساتھ تبدیل کر دیا جائے۔
اس طیارے کا جاپانی ورژن، جسے اس وقت کی مکڈونل ڈوگلس اور موجودہ بوئنگ نے اصل میں تیار کیا تھا، جاپان میں متسوبشی ہیوی انڈسٹریز میں ایک لائسنس کے تحت تیار ہوتے ہیں۔
جاپان 1982 سے ایف 15 اڑا رہا ہے۔ جمعے کے حادثے میں ملوث طیارے نے 1998 میں خدمات سرانجام دینا شروع کی تھیں۔
1 comment for “اشی کاوا میں رہائشی علاقے کے قریب ایف 15 کا ایندھنی ٹینک گرنے کے بعد جاپان نے طیارے گراؤنڈ کر دئیے”