جاپان کی ین کی قدر گھٹانے کے لیے کرنسی مارکیٹ میں مداخلت

ٹوکیو: جاپان نے جمعے کو اگست کے بعد پہلی بار ین کی قدر گھٹانے کے لیے کرنسی مارکیٹوں میں مداخلت کی، یہ اقدام جاپانی اکائی کی طرف سے ڈالر کے مقابلے میں تازہ ترین زیادہ قدر کے حصول کے بعد برآمدات پر منحصر جاپانی معیشت کو نقصان سے بچانے کے لیے گیا گیا ہے۔

ین کی بڑھتی قدر کے ملک کی معاشی بحالی پر برے اثرات کے خدشات کی وجہ سے ٹوکیو کو اس کے خلاف اقدام کے لیے اندرونی دباؤ کا سامنا رہا ہے۔

تاہم یہ اقدام جاپان کے عالمی تجارتی پارٹنرز میں سوالات بھی پیدا کر سکتا ہے چونکہ جی 20 کی فرانس میں ہونے والی میٹنگ اسی ہفتے ہو رہی ہے، اور چین پر یوآن کے سلسلے میں مزید آزاد پالیسی اپنانے کا دباؤ ہے۔

وزیر خزانہ جون ازومی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ جاپان کا اقدام یکطرفہ تھا اور انہوں نے مداخلت کی اصل رقم کی بات نہیں کی۔

پیر کی ابتدائی خرید و فروخت میں ڈالر آغاز میں 75.32 ین تک قدر میں کمی کے بعد پانچ فیصد کے اضافے سے 79.53 تک پہنچ گیا۔ اس اقدام کی وجہ سے یورو کی قدر بھی یکدم 107.06 ین سے 111.57 ین ہو گئی۔

“اگرچہ میں نے بار بار کہا تھا کہ ہم مارکیٹوں میں ہونے والی سٹے بازانہ سرگرمیوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات اٹھائیں گے، لیکن ان سرگرمیوں کے جاری رہنے کی وجہ سے میں نے مداخلت کا حکم دیا،” ازومی نے ایک نیوز کانفرنس میں نامہ نگاروں کو بتایا۔

“اس بار یہ یکطرفہ مداخلت تھی،” ازومی نے مزید کہا۔

ڈیلرز کے مطابق ابتدائی اضافے کو منافع حاصل کرنے کے ذریعے کے طور پر دیکھا گیا اور جاپانی برآمد کنندگان نے مہینے کے آخر میں کھاتے بند ہونے سے قبل نئے بہترشدہ ریٹس پر اپنی غیرملکی آمدن منگوانے کا فیصلہ کیا۔

جاپان کا نیکےئی انڈیکس اقدام کی وجہ سے 0.50 فیصد تک بڑھ گیا لیکن دن کے اختتام پر منفی قدر میں اختتام پذیر ہوا چونکہ سہ پہر کی خریدوفروخت میں ین پھر ڈالر کے مقابلے میں مضبوط ہوا اور ڈالر 78.13 پر آگیا۔

“اس سے طوفان کا رخ موڑنے کی توقع نہیں کی جا سکتی،” ریسرچ فرم کیپٹل اکنامکس کے جولین جیسوپ نے کہا، اور مزید اضافہ کیا کہ کرنسی مارکیٹ پر جاپان کے حالیہ دھاووں کا طویل المدتی اثر کم ہی دیکھنے میں آیا ہے۔

“اور اس کے علاوہ، ین کی قدر بڑھانے کے بنیادی اسباب وہیں کے وہیں ہیں، جن میں سے ایک یورپی مالیاتی بحران سے بچنے کے لیے ایک محفوظ کرنسی کی تلاش ہے،” انہوں نے کہا۔

ین نے ڈالر کے مقابلے میں جنگ عظیم کے بعد کی بلند ترین قدر کا ریکارڈ پھر توڑ دیا اور یورو کے مقابلے میں بھی مہنگا ہو گیا جس کی وجہ یوروزون کے قرضے کے خدشات اور عالمی معیشت کی حالت پر فکرمندی کی وجہ سے مارکیٹوں میں پائی جانے والی افراتفری سے سرمایہ کاروں کا فرار ہے۔

حالیہ ہفتوں میں جاپانی اہلکاروں نے مداخلت کرنے کی بار بار دھمکی دے کر اکائی کی قدر کم کرنے کی کوشش کی، لیکن اس نے مضبوط ہونا جاری رکھا۔

اہلکاروں کو امید تھی کہ یوروزون کو سہارا دینے اور یورپی بلاک کے قرضوں کا مسئلہ حل کرنے کے لیے پچھلے ہفتے طے پانے والا یورپی معاہدہ اعتماد بحال کرے گا اور جاپانی کرنسی ک بہاؤ میں کچھ نرمی پیدا کرے گا۔

اس ہفتے کینس، فرانس میں ہونے والی جی 20 کی صنعتی اور ابھرتی معیشتوں کے سربراہان کی میٹنگ میں کرنسی کے معاملے کے اٹھائے جانے کی توقع بھی ہے۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق، چین پر یوآن کی قدر میں مزید لچک پیدا کرنے کے امریکی اور دوسرے ممالک کے دباؤ کے دوران جاپان کی طرف سے اس کی اپنی کرنسی کی قدر کم کرنے کے اقدامات کا منفی مطلب لیا جا سکتا ہے۔

تاہم جاپان میں خدشات سر اٹھا رہے ہیں کہ ین کی مضبوط قدر، جو برآمد کنندگان کا منافع کم کرکے ان کی مقابلے کی صلاحیت کم کردیتی ہے، 11 مارچ کے زلزلے و سونامی سے بحال ہوتی معیشت کی نازک حالت کو مزید خراب کر سکتی ہے۔

جاپان کے صنعت کاروں نے آفت کے بعد واپس بحالی حاصل کی ہے جب 20000 لوگ ہلاک یا لاپتہ ہوگئے تھے اور سپلائی چین تباہ ہونے کی وجہ سے جاپانی صنعت بری طرح متاثر ہوئی تھی۔

تاہم خدشات بڑھے ہیں کہ یہ کوششیں جاپانی کرنسی کی بڑھتی قدر کی وجہ سے بےکار جا سکتی ہیں، جہاں ین کی قدر میں ایک کی کمی ٹیوٹا جیسے دیوہیکل اداروں کے سالانہ منافع میں سے اربوں ین پر جھاڑو پھیر دیتی ہے۔

زیادہ منافع اور بہتر مقابلے کی پوزیشن کے حصول کے لیے مزید کمپنیوں کی طرف ملازمتیں اور کارخانے باہر منتقل کرنے پر غور نے اہلکاروں کو مجبور کیا کہ وہ جاپانی صنعت کے “کھوکھلا” ہو جانے کے بارے میں خبردار کریں۔

بینک آف جاپان نے جمعرات کو مزید نرمی کے اقدامات کا اعلان کیا تاکہ معیشت کو ین کی ریکارڈ قدر اور یوروزون کے بحران کے دھچکے سے بحفاظت بحال کیا جا سکے۔

پیر کی مداخلت جاپان کی اگست میں کی جانے والی 4.5 ٹریلین ین (موجودہ ریٹس پر 59 بلین ڈالر) کی مداخلت کے بعد دوسری مداخلت ہے، جسے اس وقت کرنسی کی قدر میں اضافہ روکنے کے لیے کیا گیا تھا۔ یہ ستمبر 2010 کے بعد سے چوتھی مداخلت ہے۔

“اگر اس مداخلت میں استعمال کیے گئے فنڈز کی مقدار پچھلے اقدامات کے فنڈز کی مقدار سے بڑھ جائے تو یہ حیران کن نہیں ہو گا،” بینک آف ٹوکیو متسوبشی یو ایف جے کے تجزیہ نگار تیپی اینو نے کہا۔

1 comment for “جاپان کی ین کی قدر گھٹانے کے لیے کرنسی مارکیٹ میں مداخلت

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.