ٹوکیو: ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی نے جمعرات کو کہا کہ وہ فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر سے مزید ایٹمی آلودہ پانی کو سمندر میں تلف کرنے کا سوچ رہا ہے۔
اگر ٹیپکو اس منصوبے کے ساتھ آگے بڑھا تو یہ دوسرا موقع ہو گا جب 11 مارچ کے سونامی اور فوکوشیما پلانٹ کے پگھلاؤ کے بعد وہ ارادی طور پر تابکاری سے زہرآلود پانی سمندر میں خارج کرے گا۔
“ہم نے پروسیس شدہ پانی ٹینکوں میں محفوظ کیا ہوا ہے، جن کے اگلے سال مارچ کے آخر تک لبا لب بھر جانے کی توقع ہے،” ٹیپکو کے ایک ترجمان نے کہا۔
اس نے کہا کہ کوئی حتمی تفصیلات ابھی طے نہیں کی گئیں،کہ کب ہوگا، کتنا ہو گا، یا پانی کتنا گندہ ہوگا، تاہم اس نے زور دیا کہ تلفی سے پہلے پانی کو تابکاری کے درجے کم کرنے کے لیے فلٹر کیا جائے گا۔
فوکوشیما کے ری ایکٹروں میں ہزاروں ٹن پانی پمپ کیا جاتا ہے تاکہ پگھلے ایٹمی ایندھن والے ری ایکٹر ٹھنڈے رہ سکیں اور پلانٹ کو محفوظ بندش تک لایا جا سکے۔
“ہم اس سے نمٹنے کے لیے کئی ایک طریقوں پر غور کر رہے ہیں،” اس نے کہا جس میں مزید ذخیرہ کرنے کے ٹینکوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔
“کمپنی نے جاپان فشریز (جے ایف) کارپوریٹوز کے ساتھ پانی خارج کرنے کے امکان پر مشورہ کیا ہے،” اس نے کہا۔
جمعرات کو ماہی گیروں کے ایک گروہ نے فوراً ٹیپکو اور وزارت معیشت، صنعت و تجارت کے خلاف احتجاج شروع کر دیا اور مطالبہ کیا کہ پلانٹ کو بند کیا جائے۔
“بہت سے مقامی ماہی گیر اب بھی قوانین یا رضاکارانہ فیصلوں کی وجہ سے سمندر میں نہیں جا سکتے اور اس علاقے کی مخدوش حفاظتی صورت حال نے صارفین کو بھی ہراساں کر دیا ہے،” جے ایف کے اہلکار اگاوا نے اے ایف پی کو بتایا۔
“ہم کسی بھی طرح ٹیپکو کو یہ اقدام دوبارہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے،” اس نے مزید کہا۔
چرنوبل کے بعد دنیا کے سب سے بڑے ایٹمی حادثے کے رونما ہونے کے چند ہفتوں بعد ہی ٹیپکو نے دس ہزار ٹن سے زیادہ کم تابکاری والا پانی بحر الکاہل میں تلف کیا تھا۔
بعد کی رپورٹس سے پتا چلا ہے کہ تابکاری بڑے پیمانے پر منتشر ہو گئی تھی اور انسانی یا حیوانی صحت کے لیے خطرے کا باعث نہیں تھی۔
تاہم اوگاوا نے کہا کہ پانی خارج کرنے کا منصوبہ اشتعال انگیز ہے، خصوصاً جب بجلی ساز کمپنی کو اسی ہفتے تابکاری والے ناکارہ پانی کے بحر الکاہل میں حادثاتی طور پر اخراج پر معافی مانگنا پڑی تھی۔
ٹیپکو نے پیر کو کہا تھا کہ اس کا خیال ہے قریباً 150 لیٹر ناکارہ پانی بشمول نقصاندہ اسٹرانشیم، جو ہڈیوں کے کینسر کی وجہ بنتا ہے، کھلے سمندر میں پھیل گیا ہے۔
اس رساؤ سے اندازے کے مطابق 26 بلین بیکرلز کے برابر تابکار مادے خارج ہوئے، لیکن کمپنی نے زور دیا کہ اگر لوگ پورا سال روزانہ سمندری غذا کھائیں تو بھی یہ درجہ نقصان دہ نہیں ہے۔