ٹوکیو: پولیس پانچ لڑکوں کی تلاش میں ہے جنہوں نے پیر کو علی الصبح ٹوکیو کے پارک میں ایک شخص پر حملہ کیا اور اسے تالاب میں پھینک دیا۔
یہ واقعہ صبح تین بجے کے تھوڑی دیر بعد ہی پیش آیا جب وہ شخص شاکوجی پارک، نیریما وارڈ میں چہل قدمی کر رہا تھا۔ 56 سالہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ اسے پانچ لڑکوں نے روکا اور پوچھا کہ اس کے پاس کوئی رقم ہے یا نہیں۔ اس نے کہا کہ اس کے بعد انہوں نے اسے چھڑی سے مارا، اس کے پانچ سو ین چرائے، اور اسے تالاب میں پھینک دیا۔
پولیس نے کہا ہے کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران اسی پارک میں علی الصبح ایسے دو اور واقعات بھی ہو چکے ہیں۔ دونوں کیسوں میں، متاثرین بوڑھے لوگ تھے جن میں سے ایک 60 کے پیٹے جب کہ دوسرا 70 کے پیٹے میں تھا۔
دریں اثنا، اوہجیما کوماتسوگاوا پارک، ایدو وارڈ، ٹوکیو میں ایک بےگھر شخص پر لڑکوں نے اتوار کی صبح عوامی بیت الخلا میں حملہ کر دیا۔ آدمی، جس کی عمر 70 کے پیٹے میں ہے، نے پولیس کو بتایا کہ وہ صبح پانچ بجے کے قریب بیت الخلا میں تھا جب اچانک پانچ لڑکے آئے اور اس پر پانی پھینکا۔ اس نے کہا کہ انہوں نے اسے سائیکلوں پر ادھر اُدھر کھینچا اور پھر بھاگ گئے۔