بیجنگ: چین کا کہنا ہے کہ جاپانی وزیراعظم یوشیکو نودا بطور وزیر اعظم اپنے ملک کے دیوہیکل ہمسائے کا پہلا دورہ 25-26 دسمبر کو کریں گے۔
دو ستمبر سے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے نودا زیادہ تر ملکی معاملات میں گھرے رہے ہیں، جن میں جاپان کی جان بلب معیشت میں دوبارہ جان ڈالنا اور 11 مارچ کے ہولناک زلزلے و سونامی اور نتیجتاً پیدا ہونے والے ایٹمی بحران جیسے معاملات سے نمٹنا شامل ہے۔
تاہم چین جاپان کا سب سے بڑا تجارتی شریک کار اور غیرملکی تعلقات میں سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ممالک میں سے ہے۔ جاپان جنگ عظیم دوم میں چین پر قبضے پر سیخ پا چینیوں میں پائے جانے والے جاپان مخالف جذبات اب بھی تعلقات کو بدمزہ کر دیتے ہیں، تاہم اس سال باہمی تعلقات غیرمعمولی طور پر مستحکم رہے ہیں۔
جاپان پچاس ہزار کے قریب امریکی فوجیوں کی میزبانی بھی کرتا ہے جو کٹڑ چینیوں کے لیے بےچینی کا باعث ہے، جو اسے چین کو گھیرے میں لینے کا ایک طریقہ سمجھتے ہیں۔